بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے آر جے ڈی سے اتحاد :نتیش

چھاپرا ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سینئر جنتادل (یو) لیڈر نتیش کمار نے آج کہا کہ 20 سال قبل بعض مسائل پر اختلافات کی وجہ سے انہوں نے آر جے ڈی سربراہ لالوپرساد یادو سے دوری اختیار کرلی تھی لیکن اب بہار میں بی جے پی کو اقتدار پر آنے سے روکنے کیلئے انہوں نے اتحاد کیا ہے ۔ریاست کے 10 اسمبلی ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جاری مہم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جبکہ لالوپرساد یادو شہ نشین پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو 2015 ء اسمبلی انتخابات میں بہار میں اقتدار سے دو رکھنے کیلئے آر جے ڈی سے اتحاد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مودی حکومت پر عوامی مسائل سے لاپرواہ ہونے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں آر جے ڈی ، جنتادل (یو) اور کانگریس پر مشتمل عظیم اتحاد کامیابی حاصل کرے گا ۔ لالوپرساد یادو نے کہا کہ عام انتخابات میں ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے سیکولر طاقتوں کو شکست ہوئی ۔