پنکی۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پر 100 دن کے اندر کالادھن واپس لانے میں ناکامی کیلئے تنقید کرتے ہوئے اے آئی سی سی لیڈر راہول گاندھی نے آج دعویٰ کیا کہ نظم و نسق کی ذمہ داری پوری کرنا ایک فن ہے۔ اس کے لئے صبر و تحمل اور سنجیدگی کی ضرورت ہوتی ہے اور بی جے پی ان خوبیوں سے محروم ہے۔ جھارکھنڈ کے ضلع پلامو میں پنکی حلقہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ کالے دھن کو واپس لانے کے لئے کانگریس نے جتنی کوششیں کی تھیں، بی جے پی نے بیرونی بینکوں میں جمع رقومات کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ یو پی اے حکومت کے دوران کالے دھن کو واپس لانے میں تاخیر کی وجہ سفارتی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اب نریندر مودی حکومت بھی اس لہجہ میں بات کررہی ہے کہ اس کو مسائل کا سامنا ہے۔