بی جے پی کارپوریٹر پر مسلم لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کا الزام

ممبئی ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : میرا بھیندر میونسپل کارپوریشن کے ایک بی جے پی کارپوریٹر نے ایک 13 سالہ مسلم لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کی ہے ۔ پولیس کی اطلاع کے بموجب 38 سالہ کارپوریٹر اشوین کسودریہ جو کہ میرا روڈ ویسٹ میں شانتی نگر کی نمائندگی کرتے ہیں جمعہ کی دوپہر ایک 4 منزلہ رہائشی اپارٹمنٹ کامپلکس میں سیڑھیوں کے نیچے ایک کمسن لڑکی کے ساتھ غیر غلط حرکتیں کیں ۔ بی جے پی کارپوریٹر کی دھمکیوں سے خوفزدہ مسلم خاندان نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے ۔ شکایت کنندہ 13 سالہ لڑکی جو کہ اسی عمارت میں مقیم ہے جہاں کسودریہ بھی رہتا ہے ۔ بتایا کہ جمعہ کے دن تقریبا 1-30 بجے عمارت کی سیڑھیوں سے نیچے آرہی تھی کہ کارپوریٹر سے ملاقات ہوگئی ۔ کسودریہ کو مبارکباد دینے پر اس نے اپنا ہاتھ کمر پر رکھ دیا اور طاقت سے اپنی طرف اسے کھینچ لیا ۔

جس پر لڑکی چیخ مار کر اپنے مکان کی طرف دوڑتے ہوئے چلے گئی اور اس واقعہ کے بارے میں اپنے والدین کو اطلاع دی ۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ میری لڑکی کے امتحانات جاری ہیں اس واقعہ کے بعد سکتہ میں آگئی ہے اور ٹیوشن بھی نہیں جارہی ہے ۔ اب وہ سیڑھیوں پر جانے سے بھی خوفزدہ ہے ۔ پولیس میں شکایت کے باوجود کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جب کہ مقامی بی جے پی لیڈر ایف آئی آر سے دستبردار کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں اور ہم نے پولیس تحفظ فراہم کی درخواست کی ہے ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس اویناش امبورے نے بتایا کہ کارپوریٹر کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ تاہم تھانہ کی عدالت نے کارپوریٹر کو عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے اور قطعی سماعت کی تاریخ 18 اپریل مقرر کی ہے ۔۔