بی جے پی پر فون ٹیاپنگ کا الزام

بنگلورو،27اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیرداخلہ رام لنگا ریڈی نے بھارتیہ جنتاپارٹی پر کانگریس کے لیڈروں اور پارٹی کے حامیوں کے فون ٹیپ کرنے کا آج الزام لگایا۔مسٹر ریڈی نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے داخلی تجزیہ میں پارٹی کی خراب صورتحال سے متعلق رپورٹ کے بعد مخالفین پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپے بھی ڈلوارہی ہے ۔وزیر موصوف نے صحافیوں سے کہا کہ یہ تقریبا تین ماہ سے جاری ہے۔
بی جے پی کانگریس کی حکمت عملی پر چل رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ کانگریس انتخابی دوڑ میں بی جے پی سے آگے چل رہی ہے اور 12مئی کو ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کریگی ۔انھوں نے کہا کہ دہلی ،گجرات اور راجستھان میں بیٹھی ٹیمیں کانگریس لیڈروں کے فون ٹیپ کررہی ہیں ۔کانگریس لیڈر کنڑمیں بات چیت کرتے ہیں جسکا بنگلورومیں بیٹھی خصوصی ٹیم ترجمہ کررہی ہے ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ اس سب کے پیچھے بی جے پی صدر امت شاہ کا ہاتھ ہے ۔بی جے پی کانگریس سے اچھے رشتے رکھنے والے صنعت کاروں اور تاجروں کو نشانہ بنارہی ہے ۔انکے دفاترپر انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے ڈالے جارہے ہیں ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے داخلی سروے کے بعد یہ طریقہ اختیار کیا ہے ۔سروے میں بی جے پی کو 224رکنی اسمبلی میں 60سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔