گاندھی نگر۔ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پارلیمانی بورڈ کا 17 مئی کو دہلی میں اجلاس منعقد ہوگا۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان کئے جانے کے دوسرے دن یہ اجلاس منعقد ہورہا ہے تاکہ نریندر مودی کو بی جے پی اور این ڈی اے پارلیمانی پارٹی لیڈر منتخب کرنے کیلئے تاریخ کو قطعیت دی جاسکے۔ بی جے صدر راجناتھ سنگھ نے آج مودی کی قیامگاہ پر 3 گھنٹے طویل پارٹی کور گروپ قائدین کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انہوں نے نریندر بھائی کو 17 مئی کو دہلی آنے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے پارٹی میں داخلی اختلافات کی تردید کی ۔
بی جے پی ۔ این سی پی اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: ترجمان
نئی دہلی ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی نے آج ان رپورٹس کو لغو قرار دیا جہاں یہ کہا جارہا تھا کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت تشکیل دیئے جانے کے چونکہ امکانات موجود ہیں، لہذا پارٹی (این سی پی ) بی جے پی کے ساتھ تعلقات استوار کر رہی ہے کیونکہ پرفل پٹیل نے بھی ایک مستحکم حکومت کی پیش قیاسی کی ہے جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ مرکز میں بی جے پی ۔ این سی پی اتحاد کی حکومت قائم ہوسکتی ہے ۔ این سی پی کے کلیدی ترجمان ڈی پی ترپاٹھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم یو پی اے کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ یو پی اے کے ساتھ ہی رہیں گے ۔ ا گر نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے کی حکومت مرکز میں برسر اقتدار آئے گی تو ہم اپوزیشن میں بیٹھنے تیار ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا شرد پوار کی پار ٹی این سی پی بی جے پی کے ساتھ ا پنے تعلقات استوار کر رہی ہے تو انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔ ان قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔