بی جے پی و کانگریس کیخلاف متحدہ ووٹ دینے کی اپیل، عاپ کا نکڑ ناٹک

نئی دہلی 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عاپ) نے دہلی کے لئے مکمل ریاست کے درجہ کی اہمیت سے عوام کو واقف کروانے کے لئے آج یہاں نکڑ ناٹک کیا اور لوک سبھا میں اس پارٹی کو ووٹ دینے کے لئے ان (عوام) سے اپیل کی گئی۔ عاپ کے سینئر لیڈر گوپال رائے نے کہاکہ نکڑ ناٹک کے ذریعہ وہ عوام کو یہ باور کروانا چاہتے ہیں کہ مکمل ریاست کا درجہ بشمول تعلیم، روزگار و امکنہ مختلف شعبہ میں دہلی کے عوام کے لئے کس طرح فائدہ پہونچا سکتا ہے۔ گوپال رائے نے کہاکہ ’نکڑ ناٹک کے ذریعہ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ آپس میں متحد ہوجائیں اور کانگریس و بی جے پی کے خلاف متحدہ ووٹ دیں‘۔ راجیو چوک میٹرو اسٹیشن کے باہر نکڑ ناٹک منعقد کیا گیا تھا۔