ممبئی۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ بی جے پی کے سرپرست ایل کے اڈوانی کے شیوسینا کو اتحاد ٹوٹ جانے کا ذمہ دار قرار دینے کے دو دن بعد شیوسینا نے جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ اڈوانی کو انکی پارٹی اتحاد ٹوٹ جانے کے بارے میں مکمل تفصیلات سے واقف کروانے سے قاصر رہی ہے۔ اڈوانی نے پٹنہ میں 14 نومبر کو ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ اودھو ٹھاکرے نے بی جے پی کیساتھ اتحاد جاری رکھنے کی ان کی درخواست قبول نہیں کی۔ شیوسینا اور بی جے پی کے درمیان جب بات چیت لڑکھڑا رہی تھی تو اودھو ٹھاکرے نے شخصی طور پر اڈوانی کو فون کیا تھا اور انھیں صورتِ حال سے واقف کروایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اتحاد کو اڈوانی اور آنجہانی بالا صاحب نے 30 سال تک نبھایا۔