بی جے پی نعشوں پر سیاست کررہی ہے: ایس پی

بلیا (یوپی)۔ 9 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر رام گوئند چودھری نے آج بی جے پی کو مورد الزام ٹھہرایا کہ دہشت گردوں کو سیاسی مقاصد کے لئے ہلاک کیا جارہا ہے اور زعفرانی پارٹی پر تنقید کی کہ وہ نعشوں پر سیاست کررہی ہے ۔ انھوں نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ بی جے پی سیاسی مقاصد کے لئے دہشت گردوں کی ہلاکت کا استعمال کررہی ہے۔ وہ مردوں پر سیاست کے ذریعہ اقتدار پر قابض رہنا چاہتی ہے ۔ ایس پی اس طرح کی سیاست سے بی جے پی کو باز رکھے گی ۔ اُترپردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو ریاست کا سب سے ناکامیاب سی ایم قرار دیا ۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں محمد علی جناح کے پورٹریٹ کے بارے میں جاری تنازعہ پر انھوں نے کہاکہ یہ یونیورسٹی خودمختار ادارہ ہے ۔ وہ کسی کا بھی پورٹریٹ لگانے کیلئے آزاد ہیں۔ بی جے پی کلیدی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے ۔ وہ فضول مسئلہ پر شوروغل پیدا کرنے کی سازش کے تحت اوچھی حرکتیں کررہی ہے ۔ چودھری نے یہ بھی کہا کہ اگر سی بی آئی کو بی جے پی اپوزیشن کو غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی آلہ کار کے طورپر استعمال کرے تو وہ بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا ساتھ دے گی ۔