پٹنہ۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی جانب سے ماضی میں کسی طرح کی غلطی یا کوتاہی کیلئے معذرت خواہی کی پیشکش کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ معافی چاہنے کیلئے حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ بی جے پی کے پاس اس کا فقدان ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ سے کوئی غلطی سرزد ہوجائے تو اس کا آپ کو خود احساس ہونا چاہئے اور آپ کا ضمیر ملامت کرے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ بی جے پی میں اتنا حوصلہ نہیں کہ وہ اپنی غلطیوں پر معذرت خواہی کرے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ پیشکش بی جے پی وزارتِ عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے نہیں بلکہ راج ناتھ سنگھ نے کی ہے ، انہوں نے جواب دیا ایسی کسی معذرت خواہی کو یکسر مسترد کردیا جائے گا۔ ایل جے پی کے بی جے پی سے اتحاد کے بارے میں سوال پر جنتا دل (یو)لیڈر نے کہا کہ یہ ناقابل یقین لیکن سچ ہے۔
انتخابات کے بعد کیا ہوگا ، پتہ نہیں
شنڈے کا ریمارک
نئی دہلی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے آج کہا کہ انہیں پتہ نہیں انتخابات کے بعد وہ وزیر داخلہ رہیں گے یا نہیں۔ انہوں نے دہلی پولیس کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے دہلی پولیس کی مشکل حالات میں بہتر کارکردگی کی ستائش کی۔ شنڈے نے کہا کہ وہ ممبئی سے آئے ہیں جہاں ہمیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا ہوتا ہے، لیکن دہلی میں انہوں نے دیکھا کہ جس طرح کے مسائل ہیں ،ایسے مسائل ممبئی یا ملک کے کسی حصہ میں نہیں ہیں۔