نئی دہلی۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اپنا انتخابی منشور 7 اپریل کو جاری کرے گی۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر قائدین کے علاوہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی بھی موجود رہیں گے۔ پارٹی ترجمان نرملا سیتا رامن نے کہا کہ بی جے پی کے منشور میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے کئی ایک وعدے کئے گئے ہیں۔ منشور کے علاوہ بی جے پی ، کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت کے خلاف اپنا چارج شیٹ بھی جاری کرے گی جس میں حکومت کی کارستانیوں اور بدعنوانیوں کو آشکار کیا جائیگا۔
مودی کیخلاف پوسٹر جنگ، کانگریس امیدوار مستری گرفتار و رہا
وڈودرا۔3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)وڈودرا کی سڑکوں پر آج اُس وقت ڈرامائی مناظر دیکھے گئے جب کانگریس امیدوار اور راہول گاندھی کے بااعتماد مدھو سدن مستری کو ان کے حامیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ نریندر مودی کے خلاف مقابلہ کرنے والے مستری پر الزام ہے کہ وہ بی جے پی کے وزارتِ عظمیٰ امیدوار کے پوسٹرس چاک کروارہے ہیں۔ مستری اور ان کے 33 حامیوں کو 5 ہزار روپئے کے شخصی مچلکہ پر رہا کردیا گیا۔ ٹی وی پر دکھایا گیا کہ 69 سالہ کانگریس جنرل سکریٹری دیوار پر چڑھ کر مودی کے پوسٹرس پھاڑ رہے ہیں۔ مستری اپنے پوسٹرس بھی چسپاں کرنے کیلئے ضلع حکام سے مطالبہ کررہے تھے، اجازت نہ دینے پر انہوں نے یہ کارروائی کی۔