بی جے پی ملک کو ’’لنچستان ‘‘ بنادینا چاہتی ہے :کانگریس

نئی دہلی ۔ /6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے بی جے پی پر بلند شہر ہجومی تشدد کے سلسلے میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار پارٹی کا حقیقی خواب یا اس کی تعبیر ایک نیا ہندوستان ہے جسے وہ ہندوستان سے ’’لنچستان‘‘ میں تبدیل کردینا چاہتی ہے ۔ کانگریس کے ترجمان جئے ویر شیرگل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ جب کبھی زدوکوب کے ذریعہ ہلاکت اور ہجومی تشدد کا واقعہ ملک میں کہیں بھی پیش آتا ہے تو بی جے پی کے ترجمان خاطیوں کا دفاع کرتے ہیں ۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے ذبیحہ گاؤ پر ، مویشیوں کی غیرقانونی تجارت اور غیرقانونی مسلخوں کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جرم کے مرتکبین کی کبھی بات نہیں کرتے بلکہ ہجوم میں شامل افراد کا تذکرہ کرتے ہیں ۔ زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کرنے والے ہجوم کی بات کہتے ہیں اور اس طرح بالواسطہ طور پر بی جے پی جرم کے مرتکین کا دفاع کرتی ہے ۔ آدتیہ ناتھ کے مکمل تحقیقات کے حکم اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضلعی عہدیداروں کو ہدایت جاری کرنے کے بارے میں سوال پر بی جے پی کے ترجمان سمبت پترا نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت نے ایس آئی ٹی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔