نئی دہلی ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں سیاسی ہلاکتوں کے مسئلہ پر بی جے پی کو جوابی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سی پی آئی (ایم) نے آج الزام عائد کیاکہ وہ تشدد اور فرقہ وارانہ نفرت کو استعمال کرتے ہوئے عوام کی توجہ اس بات سے ہٹانے کی کوشش کررہی ہے جسے لیفٹ پارٹی نے مرکزی حکومت کی کارکردگی پر ’’بے اطمینانی‘‘ قرار دیا۔ سی پی آئی (ایم) جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے بی جے پی سربراہ امیت شاہ کے الزام کو مسترد کردیا کہ زعفرانی جماعت کے کارکنوں کو کیرالا میں نشانہ بنایا جارہا ہے، بلکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تشدد پھیلانے کا موردالزام ٹھہرایا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیوں انہوں نے پی وجین کی وجئے ریالی پر بم پھینکے؟ جب سے انتخابی نتائج کا اعلان ہوا وہ ہتھیار جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ گذشتہ سال مئی میں ریاستی چناؤ میں وجین کی دھرمادام اسمبلی نشست سے کامیابی کے فوری بعد ایک بم پھینکا گیا تھا جس سے ایک شخص ہلاک ہوا۔