بھوپال ۔ /31جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے اقلیتی سیل لیڈر کے خلاف مجرمانہ ریکارڈ کے پیش نظر انتہائی سخت نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ ان پر ضلع دیواس میں واقع اپنے مکان میں گائے ذبح کرنے کا بھی الزام ہے ۔ دیواس کے ضلع کلکٹر اشوتوش اوستھی نے آج رات بتایا کہ انور میئو کے خلاف/28 جنوری کو نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ بی جے پی ریاستی یونٹ کے ترجمان ہیتش باجپائی نے بتایا کہ انور میئو کو پہلے ہی پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے ۔ وہ بی جے پی اقلیتی سیل کے سابق نائب صدر رہ چکے ہیں ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیش رگھوونشی نے کہا کہ انور میئو اور دیگر 9 کو گاؤ ذبیحہ پر پابندی سے متعلق قانون اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت الزامات کا سامنا ہے ۔ اس دوران کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ گائے کے نام پر سماج کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کررہی ہے ۔ کانگریس لیڈر بھوپیندر گپتا نے کہا کہ بی جے پی کے آدمیوں نے جن میں چند ہندو بھی شامل ہے گائے ذبح کرنے میں ملوث ہے ۔