رائے پور ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے آج کہا کہ رمن سنگھ زیرقیادت چھتیس گڑھ بی جے پی حکومت قبائیلیوں سے ان کے قدرتی وسائل چھین رہی ہے اور انہیں تاجرین کے حوالہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے قانون میں نرمی پیدا کی گئی ہے۔ بستر کے عوام رمن سنگھ حکومت کی اس بے رحمی کو گذشتہ 15 سال سے برداشت کررہے ہیں۔ اس حکومت نے جل، جنگل اور زمین جو قبائیلیوں کی ملکیت تھی، لوٹ لی ہے اور انہیں کاروباریوں کے حوالہ کردیا ہے۔ بی جے پی اس کی ماہر ہوچکی ہے۔ سرجے والا جگدل پور میں جو ضلع بستر کا مستقر ہے، ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ بی جے پی حکومت مرکز اور ریاست میں جنگل میں رہنے والوں کے ساتھ غداری کررہی ہے۔ انہیں ان کی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت جو قبل ازیں کانگریس حکومت نے مقرر کی تھی، گذشتہ 15 سال سے ادا نہیں کررہی ہے۔ اس نے ا س مدت میں کاشتکاروں کی 90 ہزار ایکر زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔ نریندر مودی حکومت نے قبائیلی ویلفیر اسکیمس برخاست کردی ہیں۔