بی جے پی سے مقابلہ کیلئے وسیع تر اتحاد ضروری سی پی آئی کا اعتراف

ملاپورم (کیرالا) ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کو ’’اولین دشمن‘‘ قرار دیتے ہوئے سی پی آئی نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہیکہ بھگوا پارٹی کو شکست دینے کیلئے وسیع تر اتحاد قائم کیا جائے۔ جنرل سکریٹری سی پی آئی ایس سدھاکر ریڈی نے جو چار روزہ کیرالا سی پی آئی کانگریس میں افتتاحی خطاب کررہے تھے، کہا کہ کارپوریٹ حامی بی جے پی فسطائی پالیسیوں پر عمل کررہی ہے اس لئے ضروری ہیکہ ہر ریاست انتخابی حکمت عملی پر عمل آوری کی جائے تاکہ بی جے پی زیرقیادت محاذ سے مقابلہ کیا جاسکے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ وسیع تر سیکولر پلیٹ فارم انتخابی اتحاد کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے بائیں بازو کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری اور سیکولر طاقتوں کو ملک گیر سطح پر متحرک کیا جانا چاہئے۔ بائیں بازو کے اتحاد کے بغیر یہ کام نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں قراردادیں کافی نہیں ہیں۔ بایاں بازو اپنے بل بوتے پر انتخابی جنگ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سنگھ پریوار جنوبی ریاستوں میں فرقہ وارانہ نفرت کو ابھار رہا ہے۔ سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کے درمیان انضمام یا کم از کم اتحاد کی کوششیں گزشتہ عام انتخابات کے بعد سے ہی جاری ہیں ۔ تاہم تاحال ایسا نہیں ہوسکا ۔