بی جے پی سے اتحاد کرنے والوں کو سبق سکھانے کا مشورہ

یلاریڈی کے سینئیر کانگریسی قائد لیاقت علی کا صحافتی بیان
یلاریڈی /9 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی سینئیر کانگریس قائد مسٹر محمد لیاقت علی نے نمائندہ سیاست کو اپنے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ تلنگانہ کی اقلیتوں کو اسمبلی انتخابات میں پھر سے مختلف وعدوں سے گمراہ کیا جارہا ہے ۔ انہیں ٹی آر ایس کے فریبی وعدوں سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسٹر چندرا شیکھر راؤ نے ریاستی مسلمانوں کے ساتھ عظیم دھوکہ کیا ہے ۔ انہیں 2014 کے انتخابات میں 12 فیصد تحفظات کا جھانسہ دے دیا اور اقتدار کے مکمل ہونے کے بعد بھی مسلمانوں کے 12 فیصد تحفظات صرف جھوٹا وعدہ بن کر رہ گئے ۔ اب 2019 میں ٹی آر ایس مرکزی اقتدار میں حصہ کی ہوس لئے بی جے پی سے اتحاد کرنے کا منصوبہ بنا چکی ہے ۔ اس لئے تو قبل از وقت ریاستی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں ۔ تاکہ 2018 میں فریب دیکر ریاستی اقتدار قابض ہوسکیں اور پھر 2019 میں بی جے پی کا ساتھ دیتے مرکزی حکومت کا حصہ بن سکیں ۔ ٹی آر ایس اب اقلیتی دوست جماعت نہ رہی ۔ تلنگانہ کے تمام اقلیتوں کو بیدار ہونے کی شدید ضرورت ہے ۔ 2018 میں ٹی آر ایس کامیابی کیلئے اس لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے کہ 2019 میں اسے جو زعفرانی رنگ میں ڈھلنا ہے ۔ اقلیت اگر نہیں بیدار ہوں گے تو یہ ہمیشہ کی طرح سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں کا کھلونا بن کر رہ جائیں گے ۔ اسی لئے تلنگانہ کے اقلیتی رائے دہندوں کو سبق سکھانے کا موقع مل چکا اور ٹی آر ایس کو سبق سکھانے یہ واضح کردیں کہ اقلیتوں کو ٹی آر ایس کے بی جے پی کے ساتھ بڑھتے تعلقات کو عوام محسوس کرنے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ پر زعفرانی سایہ نہ پڑنے دینے کیلئے ٹی آر ایس کو بھی اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری ہے ورنہ 2019 کے انتخابات میں تلنگانہ کی اقلیتوں کے ساتھ کا کوئی بھروسہ ہی نہیں ہے تو پھر اقتدار کی عظیم ذمہ داری عوام کیوں دیں ۔ ایسی جماعتوں کو اور ایسے قائدین کو حق رائے کی گراں طاقت سے سبق سکھانا چاہئے تاکہ عوامی طاقت کا مسٹر چندرا شیکھر راؤ کو خوب اندازہ ہوسکے ۔