بی جے پی سماجی بھائی چارہ کے اصول کی پابند

نئی دہلی 2 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کی جانب سے متنازعہ فرقہ وارانہ ریمارکس کے بعد بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی جن سنگھ کے دور سے ہی سماجی ہم آہنگی و بھائی چارہ کے اصولوں کی پابند ہے اور آگے بھی رہنا چاہتی ہے ۔ امیت شاہ نے آل انڈیا دلت مہا پنچایت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی سماجی ہم آہنگی و بھائی چارہ کے اصولوں میں یقین رکھتی ہے ۔ یہی اصول پارٹی ہمیشہ برقرار رکھے گی ۔ امیت شاہ نے تاہم نرنجن جیوتی کے ریمارکس پر میڈیا کے سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا ۔ دہلی کی سیاسی صورتحال کے تعلق سے تاہم انہوں نے کہا کہ دلت برداری کو دہلی میں بی جے پی کی تائید کرنی چاہئے کیونکہ ان کی پارٹی نے بہت کچھ کیا ہے ۔ دلت عوام کو بھی بی جے پی کی کامیابی کیلئے اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔ بی جے پی کی ملک گیر رکنیت سازی مہم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد سماج کے تمام طبقات کو پارٹی کی صفوں میں شامل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر حصے اور ہر گوشے میں بی جے پی کی موجودگی ہونی چاہئے اور اسی لئے بغیر پیمانے پر پارٹی کی جانب سے رکنیت سازی کی مہم شروع کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ پارٹی کی جانب سے رکنیت سازی مہم پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور اس کیلئے سوشیل میڈیا کا بھی سہارا لیا جارہا ہے ۔