بلیا 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یہ شکایت کئے جانے کے بعد کہ بعض مرکزی وزراء پسماندہ طبقات سے وابستہ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو خاطر میں نہیں لارہے ہیں، پارٹی کے ایم پی مسٹر رویندر کشواہا نے نئی دہلی میں کل ملاقات کے دوران یہ شکایت وزیر پارلیمانی امور وینکیا نائیڈو سے رجوع کی۔ سلیم پور (بہار) کے رکن پارلیمنٹ نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی ہدایت پر کل یہ ملاقات ہوئی تھی۔ 20 منٹ کی اس ملاقات میں مسٹر نائیڈو نے ان کی شکایت کی سماعت کی جس کی یکسوئی کا تیقن دیا اور بتایا کہ ان کے پارلیمانی حلقہ میں ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں مسٹر رویندر کشواہا نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ جب بھی پسماندہ طبقات سے وابستہ ارکان پارلیمنٹ عوامی شکایات پرمرکزی وزراء کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا جاتا صرف تسلی کیلئے جوابی مراسلہ بھیج دیا جاتا ہے۔