فتح پور۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی نرنجن جیوتی پر مبینہ طور پر 3 افراد نے قاتلانہ حملہ کیا، لیکن وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔ یہ واقعہ کل رات پیش آیا جب کہ رکن پارلیمنٹ ویاس وکاس کالونی میں ایک تقریب میں شرکت کرکے واپس ہورہی تھیں۔ شکایت میں انھوں نے کہا کہ بھانو پٹیل نے دیگر 3 ساتھیوں کے ساتھ ان پر فائرنگ کی تھی۔ ان کے مسلح باڈی گارڈ راہول تیواری اس واقعہ میں شدید زخمی ہوگئے۔ دیگر حملہ آوروں کو مقامی عوام نے تعاقب کرکے فرار ہونے پر مجبور کردیا۔ ایس پی ونود کمار سنگھ نے کہا کہ یہ حملہ پرانی دشمنی کی بناء پر منصوبہ بند انداز میں کیا گیا تھا۔ حملہ آوروں کی تلاش میں پولیس کے دھاوے جاری ہیں۔