نئی دہلی ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں بی جے پی کے ایک رکن نے آج اترپردیش کے ایک ٹاؤن کی مندر میں لاوڈ اسپیکرس کے استعمال پر حالیہ جھڑپ کا مسئلہ اٹھایا، جس کے نتیجہ میں ایوان میں موجود سماج وادی پارٹی کے واحد رکن کے ساتھ لفظی جھڑپ ہوگئی۔ بی جے پی کے نیپال سنگھ نے اس مسئلہ کو عوامی اہمیت کے ہنگامی معاملے کے طور پر اٹھایا اور الزام عائد کیا کہ پولیس والوں نے ان کی پارٹی کے قائدین کو محروس کرتے ہوئے انہیں زدوکوب کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں مرادآباد کے گڑبڑ زدہ کنٹھ ٹاؤن کے دورہ کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایوان میں موجود واحد ایس پی رکن دھرمیندر یادو نے اس دعویٰ کی تردید کی اور بی جے پی کو موردالزام ٹھہرایا کہ وہ ریاستی لاء اینڈ آرڈر کے مسائل پارلیمنٹ میں اٹھا رہی ہے۔ اس پر ان کے اور بی جے پی اراکین کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی۔ یو پی میں ایس پی برسراقتدار پارٹی ہے۔