نئی دہلی ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت کو دراصل آر ایس ایس اپنے خفیہ ایجنڈہ کے تحت چلا رہی ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کی جانب سے گزشتہ روز صدر کانگریس سونیا گاندھی پر عائد کئے گئے درپردہ الزام کو مسترد کردیا کہ وہ ماورائے دستور اتھاریٹی ہیں۔ چدمبرم نے وزیراعظم پر تنقیدمیں کہا کہ وہ بالادستی والی حکومت چلا رہے ہیں۔ ایسی حکومتیں زیادہ دن تک نہیں ٹک سکتی۔ وزیراعظم پر نکتہ چینی کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی ،چیف منسٹر گجرات سے منتقل ہوکر ’چیف منسٹر آف انڈیا‘ بن گئے ہیں۔ چدمبرم نے جو یو پی اے حکومت کے دور میں وزارت فینانس اور وزارت داخلہ کا قلمدان رکھتے تھے، ان تنقیدوں کو مسترد کردیا کہ کانگریس نے پارلیمنٹ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی پالیسی اختیارکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ڈیوٹی انجام دے رہی ہے۔ مسائل کو اٹھانا اپوزیشن کا فرض ہے۔ حکومت کسی بھی مسئلہ پر جواب دینے سے قاصر ہے۔ جہاں تک سونیا گاندھی کا سوال ہے، کوئی بھی حکومت کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس پر اپنی مرضی ظاہر کرنا ضروری ہے۔ سونیا گاندھی پارٹی کی صدر ہیں اور سربراہ پارٹی کی حیثیت سے انہیں پارٹی کے خیالات کو ظاہر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ چدمبرم نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ آخر بی جے پی قائدین کو ناگپور (آر ایس ایس ہیڈکوارٹرس) سے کیوں ہدایت مل رہی ہے؟ آپ نے مسلسل سنا ہوگا کہ ناگپور میں چار وزراء کی آمد و رفت رہتی ہے۔