بھوپال۔ 23 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر کمل ناتھ نے ریاست کی بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت کو سادھو سنتوں کا مخالف بتاتے ہوئے اس پر الزام لگایا ہے کہ حکومت نے اپنے مطالبات کی حمایت میں تحریک چلانے والے سنتوں کو جیل بھجوادیا۔مسٹر کمل ناتھ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت نے بھوپال میں اپنے جائز مطالبات کے سلسلے میں سڑکوں پر تحریک چلا رہے سادھو سنتوں سے شیو راج چوہان نے ملنا تک مناسب نہیں سمجھا اور انہیں جیل بھجوادیا۔انہوں نے کہا کہ ‘سنت سماگم’ میں نرمدا کے تحفظ کی فکر کرنے والے وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان کو اگر نرمدا کی حفاظت کی اتنی ہی فکر ہے تو انہوں نے نرمدا وزارت بنانے کے مطالبات پورے کیوں نہیں کئے ۔مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں کل شام ایک سنت سبھا کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مسٹر چوہان بھی شامل ہوئے تھے ۔ اس میں آنے والی سنت برادری نے وزیراعلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذہب کے تئیں ان کی عقیدت کسی موسم کی طرح نہیں ہے اور انہوں نے ریاست میں دنیاوی ترقی کے ساتھ ہی روحانی، ثقافتی اور مذہبی بنیاد پر بھی لوگوں کی خواہشات کو پورا کیا ہے ۔ سنت سبھا نے اجلاس میں مسٹر چوہان کے کاموں پر اطمینان بھی ظاہر کیا تھا۔