بی جے پی حکومت ملک کو تباہی کے راستہ پر لے جارہی ہے :سابق وزیراعظم منموہن سنگھ

موہالی (پنجاب) ۔ 10 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت ملک کو غلط راستہ پر لے جارہی ہے اور قوم کی آزادی کو اس کی کارروائیوں سے خطرہ لاحق ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس نے ملک کی آزادی کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران بی جے پی نے ملک کے اثاثہ جات اور اشیاء پر تاریخ ہند کا بدترین اثر مرتب کیا ہے۔ منموہن سنگھ نوجیون ہندی روزنامہ کی احیاء کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ یہ روزنامہ سب سے پہلے 1919 ء میں مہاتما گاندھی نے جاری کیا تھا ، تاہم یہ اخبار برطانوی راج کے دوران کئی مرتبہ بند کردیا گیا۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سمجھیں کہ سابق میں دائیں بازو کے لوگ اس کے مخالف تھے لیکن اس کی حکومت اب ملک کو تباہی کے راستہ پر لے جارہی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ملک کی جنگ آزادی میں پنجاب نے بھی اہم کردار ادا کیاہے ۔