بی جے پی حریف پارٹیوں کو توڑ نے کی روش پر گامزن : آشیش کھیتان

نئی دہلی۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی دہلی کے بوانہ سے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی وید پرکاش کے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کے چند دنوں بعد عاپ کے سینئر لیڈر آشیش کھیتان نے آج بھگوا پارٹی زور دار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہر ممکن کوشش ہے کہ دہلی میں عام آدمی پارٹی سمیت مختلف ریاستوں میں اپنی حریف سیاسی پارٹیوں ٹوٹ پھوٹ کی جائے اور ملک میں جمہوری نظام کو یرغمال بناکر غیر اعلانیہ ایمرجنسی نافذ کردی جائے ۔ مسٹر آشیش کھیتان نے آج ٹویٹر پر کہا کہ ” بی جے پی کی بھرپور کوشش ہورہی ہے کہ اڈیشہ میں بی جے ڈی، تملناڈو میں اے آئی ڈی ایم کے اور دہلی میں اے اے پی کو توڑ دیا جائے اور غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی بات کی جائے ، کیونکہ جمہوریت اس کے نرغے میں آچکی ہے "۔ ایک دیگر ٹویٹ میں مسٹر کھیتان نے کہا کہ "اگر اقتدار پر قابض لوگوں کے ہاتھوں ہر روز منظم طورپر جمہوریت کو ختم کیا جائے اور جمہوری نظام کو توڑ دیا جائے ، تو کیا ہندوستان کی بقا کا تصور کیا جاسکتا ہے ؟”۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر کی طرف سے یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ایسی رپورٹیں منظر عام پر آچکی ہیں کہ بیجو جنتا دل کے ایک رکن پارلیمنٹ نے اپنی پارٹی سے خود احتسابی کرنے کو کہا ہے ، قبل اس کے تاخیر ہوجائے ۔ جبکہ تمل ناڈو میں محترمہ جے للتا کے انتقال کے بعد اے آئي ڈی ایم کے اب بھی دو دھڑوں میں بٹی ہوئی ہے ۔مسٹر وید پرکاش کا بی جے پی میں شامل ہونا عام آدمی پارٹی کے لئے بڑا جھٹکا ہے ، کیونکہ پارٹی ایم سی ڈی کے اقتدار پر آنے کے لئے کوئي کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ہے ۔ تینوں بلدیاتی کارپوریشنوں کے انتخابات 23 اپریل کو ہونے والے ہیں۔