بی جے پی ایم پی سنجیو بلیان کے خلاف کیس

رامپور ۔ 24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر سنجیو بلیان کے خلاف ایک کیس سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خاں کو مبینہ طور پر ’’دہشت گرد‘‘ قرار دینے پر درج رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے، پولیس نے آج یہ بات کہی۔ سرکل آفیسر آل حسن نے کہا کہ مرکزی وزیر مملکت سنجیو بلیان کے خلاف کیس درج کیا جاچکا ہے۔ ایس پی پارٹی نے بلیان کے خلاف گنج پولیس اسٹیشن میں کل ایک شکایت درج کراتے ہوئے بیان کیا کہ وزیرموصوف کی تقریر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کیلئے مسائل پیدا کردیئے اور کشیدگی کا ماحول ابھر آیا ہے۔ اعظم خاں اور بلیان 21 ڈسمبر کو لفظی جھڑپ میں ملوث ہوئے جبکہ دونوں نے ایک دوسرے کو فرقہ پرستی کی سیاست چلانے کا موردالزام ٹھہرایا۔ سماج وادی پارٹی کے حامیوں نے دوشنبہ کو رامپور میں بلیان کے پتلے جلائے تھے۔