بی جے پی اور کانگریس کے’’ شہنشاہوں‘‘ کو شکست دینا لازمی: کجریوال

نئی دہلی۔ یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) اروند کجریوال جو وارانسی لوک سبھا نشست کے لئے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں، نے اپنے والینٹرس سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی کے سیاسی شہنشاہوں کے خلاف کمر بستہ ہونے کا فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ ان دونوں پارٹیوں کا خاتمہ ہوجائے۔ عام آدمی پارٹی امیدوار کمار وشواس امیتھی سے راہول گاندھی کے خلاف انتخابی میدان میں ہیں۔ کجریوال نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مودی بی جے پی کے شہنشاہ ہیں اور راہول کانگریس کے۔ اگر ان دونوں کو شکست دی گئی تو ان کی پارٹیاں از خود ختم ہوجائیں گی۔ اگر کمار وشواس نے راہول گاندھی کو شکست دے دی تو کانگریس ختم ہوجائے گی۔ گاندھی خاندان کی وجہ سے ہی کانگریس آج متحد ہے اور اگر وارانسی سے مودی کو شکست ہوئی تو بی جے پی ختم ہوجائے گی لہذا یہ انتخابات ملک کی تاریخ کا ایک نیا موڑ ثابت ہوں گے۔