بی جے پی اور آر ایس ایس کٹھوعہ عصمت ریزی کو سیاسی فوائد کیلئے فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں : کشمیر ارکان اسمبلی

جموں 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس دونوں مشترکہ طور پر ایک 8 سالہ لڑکی کی جموں کے علاقہ کٹھوعہ میں عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کو سیاسی فوائد کے لئے فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی ارکان اسمبلی نے عوام کو خبردار کیاکہ انتشار پسند طاقتوں کے گھناؤنے عزائم سے خبردار رہیں۔ ریاستی صدر کانگریس اور پارٹی ارکان اسمبلی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ یہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی مشترکہ طور پر کٹھوعہ کے غیر انسانی واقعہ کو سیاسی فوائد کے لئے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ارکان اسمبلی اور قائدین میں سوپور کے رکن اسمبلی حاجی رشید ڈار، بندی پورہ کے رکن اسمبلی عثمان مجید، دیوسر کے رکن محمد امین بھٹ اور کونسل کے رکن جی این مونگا شامل ہیں۔ کانگریس پارٹی کسی بھی فرد کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ حالیہ گھناؤنے عصمت ریزی واقعات کو سیاسی فوائد کے لئے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی اجازت نہیں دے گی۔