نئی دہلی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات کیلئے 54 امیدواروں کی پہلی فہرست آج رات جاری کی۔ ان میں سابق بی جے پی صدر نتن گڈکری ، ہماچل پردیش کے سابق چیف منسٹر شانتا کمار، لوک سبھا میں پارٹی ڈپٹی لیڈر گوپی ناتھ منڈے اور یووا مورچہ صدر انوراگ ٹھاکر شامل ہیں۔ بی جے پی نے جموں و کشمیر میں دو مسلم امیدواروں غلام محمد میر (بارہمولہ ) اور مشتاق احمد ملک نور آبادی (اننت ناگ) کو نامزد کیا ہے۔
پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اس فہرست میں آٹھ ریاستوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ ان میں 6 ایس سی اور 6 ایس ٹی امیدواروں کے علاوہ 4 اقلیتی امیدوار اور 2 خاتون امیدوار شامل ہیں۔ پارٹی کے سینئر قائدین نریندر مودی ، ایل کے اڈوانی ، راج ناتھ سنگھ ، سشما سوراج اور مرلی منوہر جوشی ، وینکیا نائیڈو کی موجودگی میں تقریباً 2 گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد سنٹرل الیکشن کمیٹی نے اس فہرست کو قطعیت دی۔ پارٹی امیدواروں میں جادوگر پی سی سرکار (جونیر) بھی شامل ہیں جو مغربی بنگال میں لوک سبھا حلقہ برسات سے مقابلہ کریں گے۔