تیتا گڑھ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ممتا بنرجی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی ’مودی بطور پی ایم ‘ فنڈ جمع کررہی ہے اور کہا کہ ان کی پارٹی اس تعلق سے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر واقف کرائے گی۔ ٹی سی سربراہ نے یہاں انتخابی جلسہ میں دعوی کیا کہ مودی بطور پی ایم فنڈ غیر قانونی ہے۔
انتخابی خلاف ورزی : مودی کیخلاف ایف آئی آر پر پولیس رپورٹ طلب
احمدآباد ، 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے آج پولیس سے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کے خلاف 30 اپریل کو قانون عوامی نمائندگی کی خلاف ورزی پر درج کردہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے ضمن میں تحقیقات کے موقف کی رپورٹ طلب کی۔ 30 اپریل کو مودی نے احمدآباد کے رانیپ علاقہ کے اسکول میں اپنا ووٹ ڈالنے کے فوری بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا اور اس پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے انتخابی نشان ’کنول‘ کی تصویری نقل کی نمائش کی تھی۔ مجسٹریٹ کورٹ کی یہ ہدایت عام آدمی پارٹی ورکر نشانت ورما کی داخل کردہ درخواست پر دی گئی ، جو مودی کے خلاف شکایات درج کرانے والوں میں سے ہے۔