بی ایس پی لیڈر کے قبضہ سے 4کروڑ روپئے برآمد

لکھنؤ۔/8اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ نے بی ایس پی قائد کے قبضہ سے 4کروڑ روپئے کی خطیر نقد رقم ضبط کی۔ تفصیلات کے مطابق بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر اور رئیل اسٹیٹ تاجر ندیم جو میرٹھ سٹی کے شاستری نگر کے ساکن ہیں، ندیم اپنے ایک ساتھی معراج کے ساتھ غازی آباد جارہے تھے کہ انہیں الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ نے روک لیا اور ان کی کار سے چار کروڑ روپئے کی خطیر نقد رقم برآمد کی۔

جب ان سے اتنی بڑی رقم لے جانے کی وجہ پوچھی گئی تو وہ کوئی جواب دینے سے قاصر رہے۔ ان کے خلاف معاملہ اسوقت درج کیا گیا جب انکم ٹیکس عہدیداران نے ان کے مکان پر دھاوا کیا اور ضبط شدہ چار کروڑ روپئے سے متعلق کسی بھی قانونی دستاویز کو وہاں نہیں پایا۔ کافی پوچھ گچھ کے بعد ندیم نے انکم ٹیکس عہدیداروں کے روبرو اعتراف کیا کہ مذکورہ رقم بلیک منی ہے جس کے بعد انکم ٹیکس عہدیداران نے ضبط شدہ رقم کو ضلع انتظامیہ کے اکاؤنٹ میں جمع کروادیا۔ الیکشن کمیشن کا یہ ادعا ہے کہ ضبط شدہ رقم اتر پردیش میں لوک سبھا انتخابات کے دوران استعمال کی جانے والی تھی۔ فی الحال اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہے کہ ضبط شدہ رقم کس کو پہنچائی جارہی تھی۔