بیٹے کے رقم نہ دینے پر ماں کی خودکشی

شمس آباد /22 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شمس آباد آر جی آئی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع گگن پہاڑ میں خاتون نے خود پر کیروسن چھڑک کر آگ لگاکر خود سوزی کرلی ۔ تفصیلات کے بموجب پی ہمسما 52 سالہ ساکن گگن پہاڑ نے اپنے بیٹے ڈیویڈ شمس آباد ٹریفک کانسٹیبل سے ماہانہ دو ہزار روپئے دینے کا مطالبہ کیا ۔ ڈیویڈ نے رقم دینے سے انکار کردیا ۔ ڈیویڈ کی ماں نے شوہر کی موت کے بعد دوسرے شخص سے شادی کرکے اسے اور اس کی بہن کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر چلی گئی تھی جس کے بعد اس کے رشتہ داروں نے ڈیویڈ اور اس کی بہن کی پرورش کی ۔ ڈیویڈ کا کہنا ہے کہ بچپن میں ہی انہیں تنہا چھوڑ کر چلی گئی اور اب چانک سامنے نمودار ہوکر رقم مانگنے سے میں یہ رقم نہیں دے سکتا ۔ جس سے دلبرداشتہ خاتون نے 17 ڈسمبر کو خود پر کیروسن چھڑک کر آگ لگالی ۔ جسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں وہ کل رات زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ شمس آباد آر جی آئی سب انسپکٹر نرسمہا چاری نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔