بیٹے کی شادی کی تیاریوں میں مصروف باپ شارٹ سرکٹ سے فوت

حیدرآباد ۔ یکم / اپریل (سیاست نیوز) ونستھلی پورم میں ایک دلخراش واقعہ میں بیٹے کی شادی کی تیاریوں میں مصروف باپ شارٹ سرکٹ سے ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 58 سالہ وی نرسیا یادو آج صبح اپنے بیٹے یوگیندر کی شادی کے موقعہ پر ڈیکوریشن ، لائیٹنگ لگارہا تھا کہ وہ اتفاقی طور پر برقی تار کی زد میں آگیا اور برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد شادی کا گھر ماتم میں تبدیل ہوگیا اور نرسیا یادو کو فوری دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس ونستھلی پورم نے بتایا کہ نرسیا یادو نے حالیہ دنوں نیا مکان تعمیر کروایا تھا اور اس کی دیواروں پر پانی ڈالا کرتا تھا ۔ آج بھی اس نے دیواروں پر پانی ڈالنے کی کوشش کی کہ ڈیکوریشن کے لائیٹوں کیلئے نصب کئے گئے برقی تار کی زد میں آنے کے سبب وہ برسرموقعہ ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔