حیدرآباد۔/22جنوری، ( پی ٹی آئی) شہر کے مضافاتی گاؤں تارامتی پیٹ میں پیش آئے ایک انتہائی دلخراش واقعہ میں ایک باپ نے اپنے تین سالہ کمسن بچہ کی شدید بیماری اور تکالیف کا درد برداشت نہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر اس ( بچہ ) کو اپنے ہی گھر میں واقع ایک پانی کی ٹانکی میں ڈال دیا جس کے نتیجہ میں وہ فوت ہوگیا۔ سری سیلم کو اس ضمن میں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے جو ایک چرواہا بتایا گیا ہے۔ اس نے صبح کی اولین ساعتوں میں اپنے کمسن بیٹے بال ملیش کو ٹانکی میں ڈال دیا تھا۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ بچہ گردے کے عارضہ کے بشمول کئی امراض کہنہ میں مبتلا تھا۔ علاج کے باوجود بچہ کی صحت میں بہتری نہ ہونے پر دلبرداشتہ سری سیلم نے یہ انتہائی قدم اٹھایاکیونکہ بچہ کوہونے والی تکلیف اس کے لئے ناقابل برداشت ہوگئی تھی۔ حیات نگر پولیس نے ایک شکایت پر قتل کا مقدمہ درج کرلیا اور سری سیلم کو تحویل میں لے لیا۔