اپنے گھر سے 22 لاکھ روپئے کا سرقہ کرنے والی لڑکی اور عاشق کو جیل
حیدرآباد /7 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے چوری کے ایک سنسنی خیز معاملہ میں تین افراد بشمول ایک لڑکی کو گرفتار کرلیا جو عاشق کیلئے باپ کو دھوکہ دینا چاہتی تھی ۔ عاشق سے شادی رچانے کیلئے اس 17 سالہ لڑکی کا منصوبہ کامیاب ہوگیا تھا لیکن لڑکی کی زیادہ ہوشیاری ان کی شادی نہیں بلکہ جیل جانے کا سبب بن گئی ۔ فلمی انداز میں عاشق کو اکساکر اپنے گھر میں سرقہ کا منصوبہ بنانے والی لڑکی آئی اے ایس بننے کیلئے اپنے بھائی کے ساتھ کوچنگ حاصل کر رہی تھی جو جیل پہونچ گئی ۔ شہر کے نواحی علاقہ مائیلاردیوپلی پولیس حدود میں پیش آئے اس واقعہ میں پولیس نے 17 سالہ لڑکی ، 19 سالہ اشرف خان اور 21 سالہ ناصر کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد زون محترمہ پدمجا ریڈی نے بتائی ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 19.45 لاکھ روپئے ضبط کرلئے ۔ جبکہ سید مظفر کے مکان واقع ایم آئی بی لکشمی گوڑہ سے 22.50 لاکھ روپئے کا سرقہ ہوا تھا ۔ اس کی اصل سرغنہ شکایت گذار کی دختر ہی نکلی جو اس خاندان کیلئے رقم ملنے کی خوشی سے زیادہ سارق کے پکڑے جانے پر غم کا سبب بن گئی ۔بتایا جاتا ہے سید مظفر کو 2 اگست کے دن اس کی دختر نے فون پر اطلاع دی کہ چار اجنی افراد جو بظاہر ڈاکو لگتے ہیں مکان میں داخل ہوئے ہیں اور ایک کمرے میں اسے بند کردیا ۔ اس بات سے خوف کا شکار مظفر نے اس کے ساتھی کو اطلاع دی کہ وہ فوری مکان پہونچے جب اس کے ساتھی سید مظفر کے مکان پہونچے تو اس مکان میں انہوں نے اس کے ساتھی سنیل اور دختر کو پایا اور سارا معاملہ سنکر سکتہ میں آگئے ۔ چونکہ اراضی فروخت کرنے کے بعد مظفر نے 22 لاکھ 50 ہزار روپئے رقم اپنے مکان کی الماری میں محفوظ کردی تھی اور اس کی اطلاع دختر کو بھی تھی ۔ جس کے بعد انہوں نے پولیس سے شکایت کردی ۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران شک کی سوئی دختر کی جانب گھمائی اور اس کے عاشق کو دبوچ لیا جس کے بعد سارا معاملہ سامنے آگیا ۔ لڑکی اور اشرف خان انٹرمیڈیٹ سال 2016 کے طالب علم ہیں اور ان کی دوستی انٹرمیڈیٹ سے تھی جو وقت کے ساتھ عاشقی میں بدل گئی اور دونوں میں بذریعہ سیل فون تبادلہ جاری تھا گھر میں رقم کی اطلاع کے بعد لڑکی نے سازش رچی اور اپنے عاشق کو بتایا اور منصوبہ اس لڑکی نے تیار کیا اور عاشق کو پابند کردیا کہ وہ اس کے اشارے پر کار بند رہے ۔وفادار عاشق نے محبوبہ کے ہر اشارہ پر عمل کیا ۔ لڑکی نے لوہے کا ڈبہ مکان کے پچھلے حصہ میں رکھ دیا اور عاشق کو دیوار پھلانگ کر مکان میں داخل ہونے کا مشورہ دیا اور آرام گھر چوراہے پر طلب کرتے ہوئے سازش پر عمل کرنے کا تمام تر طریقہ سمجھا دیا اور مکان بھی گئی ۔ عاشق سے کہا کہ جیسے ہی وہ مسیج کرے وہ مکان میں آجائے ۔ مکان سے رقم سرقہ کرنے کے بعد اشرف نے کندکور کے اپنے ساتھی ناصر کو مدد کرنے کیلئے کہا ۔ 3 اگست کے دن ناصر اور اشرف بنگلور گئے اور 6 اگست کو واپس ہوئے ۔ جبکہ واپسی کے فوری بعد ہی گرفتار کرلئے گئے ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو جیل منتقل کردیا ۔