بیٹسمینوں کی کارکردگی مایوس کن رہی :بریتھ ویٹ

لکھنؤ۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھویٹ نے ہندوستان کے خلاف دوسرا ٹوئنٹی 20 میچ اور سیریز گنوانے کے لئے اپنی ٹیم کے بیٹسمینوںکی ناقص کارکردگی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ ہندوستان نے دوسرے ٹوئنٹی20 میچ میں71 رنز سے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان نے میچ کے بعد تسلیم کیا کہ ٹیم کی بیٹنگ مسلسل خراب ہو رہی ہے اور یہ شکست کی بڑی وجہ ہے ۔بریتھویٹ نے کہا بیٹسمینس ہمیں مسلسل مایوس کر رہے ہیں ۔ ہمارے پاس نیا گروپ ہے اور نئے کھلاڑیوں کو تھوڑا وقت لگے گا ۔ویسٹ انڈیز کے کپتان نے کہا ہمارے لیے مضبوط بیٹسمینوں کی اوپننگ جوڑی کو تلاش کرنا کافی مشکل کام ہے ۔ ہمیں موجودہ کھلاڑیوں میں ہی بہترین فیصلہ کرنا ہوگا۔ گزشتہ دونوں میچوں میں بیٹسمینس کی کارکردگی ناقص رہی ہے ۔ہم امید کرتے ہیں کہ تیسرے میچ میں کچھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میچ جیت سکیں گے ۔ ہندوستانی دورہ پر ویسٹ انڈیز کے مظاہرے مایوس کن ہیں جیسا کہ ٹسٹ سیریز میں 2-0 کی شکست کے بعد ونڈے سیریز کے دوسرے اور تیسرے مقابلے میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ اس نے محدود اوورس کی سیریز کو دلچسپ بنانے کی کوشش کی ، لیکن ونڈے کے بعد ٹوئنٹی 20 میں بھی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔