بیٹسمینوں کی مدد کیلئے گرائم اسمتھ طلب

کیپ ٹائون۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی موجودہ فارم اور خاص طور پر پہلے ٹسٹ میں انگلینڈ کے خلاف واضح  فرق سے شکست نے بورڈ حکام کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ سی ایس اے نے زوال پذیر ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کیلئے سابق کپتان اسمتھ کو بطور بیٹنگ مشیر مدعو کرلیا۔ امکان ہے کہ وہ جاری سیریز کے دوران ٹیم منیجمنٹ اور کھلاڑیوں کی مدد کے لئے موجود رہیں گے۔33سالہ اسمتھ ان دنوں ٹی وی مبصر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ٹسٹ میں ٹیم کی کارکردگی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے منصوبہ بندی میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔اسمتھ نے اسٹار بیٹسمین ابراہم ڈیویلیئرز سے وکٹ کیپنگ کروانے کے فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کیپ ٹائون میں کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گذارا ۔ انہوں نے خاص طور پر بیٹسمینوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔دریں اثناء کپتان ہاشم آملہ نے ان کی آمد کو خوش آئند قرار دیاہے۔