وزارت امور خارجہ کو پولیس ساؤتھ زون کا مکتوب
حیدرآباد ۔ /25 مئی (سیاست نیوز) بیوی کے بہیمانہ قتل میں ملوث این آر آئی شوہر کے پاسپورٹ کو منسوخ کرنے کیلئے ساؤتھ زون پولیس نے مرکزی وزارت خارجہ کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اکبر علی خاں عرف حیدر خاں اپنی بیوی زیبا ناز کو /21 مئی کو علاقہ دبیر پورہ میں قتل کرکے اس کی نعش کو بیاگ میں پیاک کرکے ریلوے اسٹیشن کے قریب پھینک کر دوبئی فرار ہوگیا ۔ پولیس نے بیورو آف امیگریشن سے اکبر علی خاں کے دوبئی فرار ہونے کے شواہد حاصل کرلئے اور اس کی بنیاد پر شوہر کو حیدرآباد واپس طلب کرنے کی غرض سے پولیس نے اس ضمن میں مزید کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دبیر پورہ پولیس نے حیدرآباد کے ریجنل پاسپورٹ آفس کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں ملزم شوہر کے پاسپورٹ کو فی الفور منسوخ کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ چنانچہ اس اقدام سے حیدر خان کو انٹرپول کی مدد سے دوبئی سے حیدرآباد واپس لایا جاسکتا ہے ۔ اتنا ہی نہیں پولیس نے حیدر خان کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکیولر (ایل او سی) جاری کرتے ہوئے ان کے تمام ایرپورٹس کو آگاہ کیا ہے تاکہ اس کے داخلے کی بروقت اطلاع حاصل ہوسکے ۔ واضح رہے کہ فرحت نگر دبیر پورہ کے ساکن حیدر خاں نے اپنی بیوی زیبا ناز کا بہیمانہ قتل کرکے اس کی نعش کو بیاگ میں پیاک کرکے دبیرپورہ ریلوے اسٹیشن پر پھینک دیا تھا اور اپنے بچوں کے ساتھ دوبئی فرار ہوگیا ۔ دبیرپورہ پولیس نے اس ضمن میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور اسے حیدرآباد واپس لائے جانے کی شدت سے کوشش کی جارہی ہے ۔