حیدرآباد /25 اپریل ( سیاست نیوز ) گنڈی پیٹ کے علاقہ میں ایک شخص نے شبہ کی بنیاد پر بیوی کا قتل کردیا ۔ نارسنگی پولیس نے یہ بات بتائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ شاہین بیگم جو ویکر سیکشن کالونی گنڈی پیٹ کے ساکن غوث پاشاہ کی بیوی تھی ۔ آج اس کے بستر پر مردہ دستیاب ہوئی ۔ جس کے گلے اور سر پر گہرے زخم پائے گئے ۔ شاہین کے رشتہ داروں نے اس کے شوہر پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں بیان دیا ۔ شاہین اور غوث پاشاہ کی شادی چند سال قبل ہوئی تھی ۔ غوث پاشاہ گچی باؤلی کی ایک ہوٹل میں ملازم ہے ۔ یہ شخص بیوی کے کردار پر شبہ کرتے ہوئے اسے مارپیٹ کا نشانہ بناتا تھا ۔ اور شدید اذیت پہونچاتا تھا ۔ اس حرکت کے خلاف دونوں خاندانوں کے بڑے افراد نے پنچایت بٹھائی تھی اور پاشاہ کو پابند کیا تھا لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا تھا ۔ گذشتہ تین ماہ سے اس نے شاہین بیگم کے ساتھ شدید مارپیٹ شروع کردی تھی ۔ آج اچانک اس کی بیوی بستر پر مردہ دستیاب ہوئی ۔ پولیس نارسنگی نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔