حیدرآباد ۔ /4 مارچ (سیاست نیوز) بیوی اور خسر کو دھمکی آمیز ای میل روانہ کرنے والے ایک سافٹ ویئر انجنیئر کو سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 47 سالہ ایس پروین کمار جو پیشہ سے سافٹ ویئر انجنیئر ہے ساکن ونئے نگر کالونی سعیدآباد کا اس کی بیوی سے اختلافات چل رہے تھے جس کے سبب دونوں نے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ امریکہ میں مقیم اپنی بیوی اور خسر سے انتقام لینے کی غرض سے دونوں کی کردار کشی کرتے ہوئے دھمکی آمیز ای میل روانہ کئے تھے ۔ انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر راجو نے بتایا کہ پروین کمار نے سنتوش نگر علاقے میں واقع ایک انٹرنیٹ کے ذریعہ دھمکی آمیز ای میل روانہ کئے تھے اور سائبر کرائم کو اس سلسلے میں شکایت موصول ہونے پر ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں سافٹ ویئر انجنیئر کو گرفتار کرکے اسے عدالت میں پیش کردیا گیا۔