حیدرآباد۔ /25 جولائی (سیاست نیوز) بیوی اور دو کمسن بچوں کے قتل میں ملوث شوہر نے اپنے مکان میں گلا کاٹ کر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ ڈینٹل لیاپ ٹیکنیشن ہریندر گوڑ نے جاریہ سال فبروری میں اپنی بیوی اور دو کمسن بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا جس کے نتیجہ میں اسے پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ تین ماہ بعد ضمانت پر جیل سے رہائی کے بعد وہ اپنے آبائی مقام وقارآباد میں رہنے لگا ۔ ہفتہ کی رات ہریندر گوڑ وقارآباد سے میرپیٹ کے مکان پہونچا تھا اور اس نے دو دن تک اپنے باپ نارائنا گوڑ کے فون کا جواب نہیں دیا جس پر باپ نے اپنے چھوٹے بیٹے ستیا نارائنا گوڑ کو میرپیٹ کے مکان بھیجا تھا جہاں پر ہریندر کی نعش خون میں لت پت پائی گئی اور اس کا گلا کلائیاں کٹی ہوئی تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ونستھلی پورم مسٹر گاندھی نارائنا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ ہریندر گوڑ نے اپنی بیوی اور بچوں کے قتل کے پچھتاوے کے نتیجہ میں اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات مختلف زاویے سے کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانے عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔