بیویوں کی بے رخی پر دو افراد کی خودکشی کے واقعات

حیدرآباد یکم / مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ جگت گیری اور گاندھی نگر پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو افراد نے خودسوزی کرلی ۔ جو اپنی بیویوں کے مائیکے چلے جانے سے دلبرداشتہ ہوگئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں ہی بے روزگار تھے ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 24 سالہ ونیش جو بے روزگار تھا ۔ موتی لعل نہرو نگر گاندھی نگر علاقہ کا ساکن تھا ۔ ایک سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی ۔ تاہم میاں بیوی میں معمولی بات پر بحث و تکرار اور ونیش کی بے روزگاری سے تنگ آکر اس کی بیوی مائیکے چلی گئی جس سے دلبرداشتہ ہوکر نیش نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جگت گیری گٹہ پولیس کے مطابق 28 سالہ رمیش جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا تاہم گذشتہ چند روز سے بے روزگاری کا شکار تھا ۔ اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اس شخص کی بیوی تین ماہ قبل اپنے مائیکے چلی گئی تھی جس نے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرلیا ۔