سارقین سینکڑوں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث
حیدرآباد ۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے عادی سارقین کی بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور چاندی برآمد کرلی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ 30 سالہ شمشاد عرف بھورا متوطن ضلع میرٹھ اترپردیش اپنے ساتھیوں 37 سالہ عارف متوطن دہلی، 40 سالہ محمد وسیع عرف ندیم ساکن یاقوت پورہ متوطن سینم پور دہلی اور 32 سالہ رئیس سلیم قریشی اور دیگر کی مدد سے علاقہ ایس آر نگر، جواہر نگر، راجندر نگر، آصف نگر اور دیگر علاقوں میں سرقہ کی سنگین واردات انجام دی تھی۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ سارقین کی ٹولی کا سرغنہ شمشاد ہے جس نے سال 2008ء میں دہلی میں سرقہ کی واردات انجام دی تھی اسی طرح اس نے اپنے ساتھی نعیم کی مدد سے دوبارہ سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگا۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ گرفتار سارقین سینکڑوں سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے اور پولیس نے ان کے قبضہ سے 130 طلائی زیورات، آدھا کیلو چاندی اور 40 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی۔ اس ٹولی کے دیگر ارکان توفیق، ہاشم اور دانش ہنوز مفرور ہے۔