حیدرآباد ۔ /20 ڈسمبر (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ پولیس نے کیسرا علاقہ میں پیش آئے ڈکیتی کی سنسنی خیز واردات میں ملوث بین ریاستی عادی رہزنوں کی دو رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد کرلئے ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 27 سالہ برج بھوشن پانڈے ہے جو اپنے بڑے بھائی ششی بھوشن پانڈے عرف منا متوطن گورکھپور اترپردیش کی مدد سے کیسرا علاقہ میں سنسنی خیز رہزنی کی واردات انجام دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ برج بھوشن پانڈے ایک خطرناک عادی رہزن ہے جس کی ٹولی میں 25 سے زائد رہزن شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ رہزن نے /17 ستمبر کو اپنے ساتھی سنتوش سنگھ ، ناٹے ، اشوین ، پھاٹک اور دیگر کی مدد سے شہر پہونچ کر میڈیپلی علاقے میں پہلے موٹر سائیکلوں کا سرقہ کیا اور مسروقہ موٹر سائیکل پر دوسرے دن کیسرا علاقہ میں واقع آر کے جیولری شاپ میں ہتھیاروں کے ساتھ داخل ہوکر طلائی زیورات لوٹ لئے ۔ اسی طرح رہزنوں نے مہیندرا ایس یو وی کار کا بھی ولساد گجرات میں سرقہ کیا تھا ۔ کیسرا میں پیش آئے رہزنی کی واردات کے بعد ملزمین کے سر پر 50 ہزار روپئے نقد رقم کا انعام رکھا گیا تھا ۔ رچہ کونڈہ پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے دیسی ساختہ بندوق برآمد کرلئے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ گرفتار ملزمین نے کیسرا میں دو ، حیات نگر میں ایک اور کوکٹ پلی میں بھی قتل کی واردات انجام دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی باروچ پولیس کی مدد سے ملزمین کی گرفتاری ممکن ہوئی ہے ۔