برسٹل۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو گرفتار کیا گیا اور وہ ایک رات جیل میں گذارنے کے بعد بغیر کسی الزام کے بری کردیئے گئے۔ جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی الیکس ہیل بھی موجود تھے جنہیں انگلش ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے معطل کردیا ہے۔ چہارشنبہ کو ویسٹ انڈیز کے کھیلے جانے والے ونڈے میں مذکورہ کھلاڑی انگلش ٹیم کی نمائندگی نہیں کرپائیں گے۔ تفصیلات کے بموجب ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ونڈے میں میزبان ٹیم کی کامیابی کے بعد یہ واقعہ پیش آیا جس میں اسٹوکس قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ یاد رہے بین اسٹوکس کا ایک شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا اور ہاتھا پائی میں اس شخص کو چہرہ پر زخم بھی آئے جس کے بعد اسے دواخانہ بھی منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس نے بین اسٹوکس کو دوسرے دن صبح کی اولین ساعتوں میں گرفتار کیا اور جیل منتقل کیا لیکن ان کے خلاف کسی قسم کا کوئی دفعہ یا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔