بینک کھاتے داروںکو دھوکہ دینے والے دو افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ یکم / نومبر (سیاست نیوز) خود کو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے بینک کھاتہ داروں کو دھوکہ دینے والے دو شاطر دھوکہ بازوں کو سائبر کرائم پولیس نے مغربی بنگال سے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ 25 سالہ پون کمار اور 33 سالہ کیلاش بوری جن کا تعلق جھارکھنڈ اور مغربی بنگال سے ہے عنبرپیٹ کے ساکن محمد کلیم الدین اور دیگر کو فون کرتے ہوئے خودکو اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ہیڈآفس کی ملازم ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ان کے ڈیبیٹ و کریڈیٹ کارڈ کے تفصیلات و پاسورڈ حاصل کرلیا کرتے ۔ اس دھوکہ بازی کے ذریعہ مذکورہ دھوکہ بازوں نے 5 لاکھ کی آن لائن خریدی کی ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور پون کمار اور کیلاش کی کامیاب طور پر شناخت کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے کئی اشیاء برآمد کرلی۔