بینک میں ڈکیتی کی سنگین واردات

حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز ) گھٹکیسر علاقہ میں دکن گرامینا بینک میں سنسی خیز ڈکیتی کی واردات میں 32 لاکھ نقد رقم اور بینک لاکرس میںموجود طلائی زیورات لوٹ لئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب ضلع رنگاریڈی سائبرآباد کے گھٹکیسر منڈل میں واقع دکن گرامینا بینک میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں وہاں کی مقامی عوام نے بینک کی عمارت سے دھواں نکلتا دیکھ کر مالک مکان ایلیا کو اس سلسلہ میں اطلاع دی ۔ ایلیاء نے بینک منیجر شراون کمار کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا اور کچھ ہی دیر بعد بینک عملہ و دیگر افراد وہاں پہنچنے پر بینک کی ڈکیتی کی واردات پر حیرت زدہ ہوگئے ۔ گھٹکیسر پولیس بھی مقام واردات پر پہنچ گئی اور وہاں سراغ رسانی دستہ کلوژ ٹیم کو طلب کرلیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے یہ پتہ لگایا کہ بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمین نے بینک کی عقبی حصہ میں موجود کھڑکی کی جالی کو کار کے جیاک کے ذریعہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور وہاں موجود 32 لاکھ روپئے نقد رقم اور اننت ریڈی نامی کھاتہ دار کے لاکر نمبر 36 سے 9 تولے طلائی زیورات لوٹ لئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمین نے منصوبہ بند طریقے سے یہ بینک ڈکیتی انجام دی اور واردات کیلئے گیس کٹراور گیس سلنڈر کا استعمال کیا گیا اور ڈکیتی ملوث افراد نے اپنا شناخت چھپانے کیلئے مونکی کیاپ پہنے ہوئے تھے اور اپنے ہمراہ وہ مرچ پاوڈر میں لے آئے ۔ اس واردات کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر پولیس ملکاجگیری زون شریمتی رما راجیشوری اور دیگر پولیس عہدیدار مقام واردات کا معائنہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ دکن گرامینا بینک گھٹکیسر 10 سال قبل قائم کیا گیا تھا اور یہاں پر پوچارم ،وینکٹا پورم ،انوجی گوڑہ اور نارا پلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے بینک کھاتے موجود ہے۔ اس کے علاوہ وہاں کے آئی ٹی کمپنیوں کے کھاتے اس بینک میں حال ہی میں کھولے گئے تھے ۔