حیدرآباد ۔19 مئی (سیاست نیوز) بینک دھوکہ دہی معاملہ میں سی بی آئی نے حیدرآباد کی ایک فرم کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ حیدرآبادی کمپنی ٹوٹم انفراسٹرکچر لمیٹیڈ اور اس کے ڈائرکٹر کی جانب سے یونین بینک آف انڈیا لمیٹیڈ سے 313.84 کروڑ روپئے قرض لیکر مبینہ طور پر دھوکہ دینے کے الزامات پائے جاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ اس کنسورشیم نے جملہ 8بڑے بینکوں سے 1,394 کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا ہے۔ سی بی آئی نے تحقیقات کے بعد اس کمپنی کے ڈائرکٹر ٹی سلائتھ اور ٹی کونپا کو مجرمانہ سازش اور دھوکہ دہی کا ذمہ دار مانا ہے۔ یہ کمپنی ریلوے کنسٹرکشن اور دیگر انفراسٹرکچر کے بڑے پراجکٹ انجام دیتی ہے۔ اس کمپنی کے ڈائرکٹرز نے سال 2005ء تا 2012ء کے درمیان ریکارڈز میں ہیراپھیری کی ہے اور قرض کی رقم کو اپنے نجی معاملات کے لئے استعمال کیا ہے اور رقم کو غیرقانونی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جس کے سبب یونین بینک آف انڈیا کو 313.84 کروڑ دھوکہ دہی کی گئی۔ خاطی ڈائرکٹرز کو مارچ میں گرفتار کیا گیا تھا۔