لاہور۔30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لیگ سپنر شاداب خان کی بیماری اور ورلڈکپ میں نمائندگی معمہ بن گئی۔ کرکٹ حکام کھلاڑی کی بیماری ہیپاٹائٹس سی بتاتے ہیں اور ماہرین کے مطابق اس بیماری سے صحت یابی کیلئے کم از کم تین ماہ ضرور درکار ہیں۔ورلڈ کپ روانگی سے ایک دن پہلے کرکٹ بورڈ نے ایک چونکا دینے والی خبر دی کہ شاداب کے خون ٹسٹ میں ایک خطرناک وائرس سامنے آیا اس لئے ایک ماہ تک کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ بورڈ کی جانب سے پریس ریلیز اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی پریس کانفرنس میں لیگ اسپنر کی بیماری کے حوالے سے کوئی نام نہیں بتایا گیا۔ بورڈ حکام اور ذرائع نے شاداب خان کو ہیپاٹائٹس سی کا مریض قرار دیا۔ پنجاب ہیپاٹائٹس پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر خالد محمود نے واضح طور پر کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ہیپاٹائٹس سی کا علاج ایک ماہ میں ممکن نہیں۔ کم از کم دورانیہ تین ماہ کا ہے۔ پریس ریلیز جاری کی اور کہا کہ 23 مئی سے پہلے شاداب خان کا دوبارہ ٹسٹ لیا جائے گا جس کے بعد فیصلہ کرنا ہے کہ لیگ اسپنر کو ورلڈ اسکواڈ کاحصہ بنانا ہے یا نہیں۔