سنٹرل کرائم اسٹیشن کی کارروائی ، ایک شخص گرفتار
حیدرآباد ۔ /30 مارچ (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے بہار سے تعلق رکھنے والے دھوکے باز کو بیروزگار نوجوانوں کو بیرون ممالک بھیجنے اور انہیں ملازمت فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپ لیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 سالہ سدھیر کمار عرف راجیش کمار نے ایک ویب سائیٹ پر اشتہار شائع کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ وہ آذربائیجان میں نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرسکتا ہے اور اس ضمن میں جاب ویزا بھی دلواسکتا ہے ۔ اشتہار سے راغب ہوکر گولکنڈہ کے ساکن محمد اکبر علی خان اور اس کے دو ساتھیوں امروز خان اور شیخ منہاج نے سدھیر سے رابطہ قائم کیا جس کے نتیجہ میں اس نے نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کارروائی کا آغاز کرنے پیشگی رقم کا مطالبہ کیا جس پر نوجوانوں نے چار لاکھ روپئے اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کئے ۔ سدھیر کمار نوجوانوں کو ویزا فراہم کرنے میں ناکام رہا اور وہ اچانک اپنا موبائیل فون بند کرکے غائب ہوگیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر سدھیر کمار کا پتہ لگایا اور اس کے آبائی مقام جہان آباد بہار سے گرفتار کرکے اسے شہر منتقل کیا اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔