بیدر کے عازمین حج کا انتخاب

بیدر۔30؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب الحاج سید صغیر احمد نائب صدر انجمن خادم الحجاج ضلع بیدر کے صحافتی بیان کے بموجب مستقرکے عازمین حج2014ء کیلئے درخواست گزاروں کے قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ ضلع بیدر سے فریضہ حج و عمرہ کیلئے جانے والے خوش نصیب عازمینِ حج کی جملہ371بشمول محفوظ زمرہ کے درخواست فارم کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی بنگلور کے دفتر میں داخل کیا گیا جس کو 27؍اپریل2014ء کو قرعہ اندازی کے ذریعہ 218خوش نصیب منتخب حجاج اکرام کے نام کا اعلان کیا گیا ۔جناب سید صغیر احمد نے بتایا کہ22عازمینِ حج کے درخواست فارم جو محفوظ زمرہ سے تعلق رکھتے ہوں انھیں قرعہ سے متشنی رکھا گیا مابقی درخواست فارم ویٹنگ لسٹ میں رکھے گئے ہیں ۔

جناب سید صغیر احمد نے بتایا کہ تمام منتخب عازمین اپنی پہلی قسط مبلغ81 ہزار روپئے فی کس کے اعتبار سے10؍مئی2014 سے قبل اسٹیٹ بنک آف انڈیا کے کور بنکنگ سسٹم کے تحت مخصوص چالان (Pay In Slip) کے ذریعہ جمع کردیں ‘مقررہ وقت میں رقم جمع نہ کروانے کی صورت میں منتخب شدہ شخص کا نام خارج کردیا جائے گا ،اور اس کی جگہ ویٹنگ لسٹ کے اعتبار سے دوسرا نام شامل کردیا جائے گا۔جناب سید صغیر احمد نے مزید بتایا کہ ہر منتخب شدہ عاز م اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ پرویژنل سلیکشن لیٹر کے ساتھ علیحدہ علیحدہ بینک ریفرینس نمبر جانا لازمی ہے ‘جس کے بغیر بینک میں رقم کو قبول نہیں کیا جائے گا۔اس لئے پہلی قسط جمع کرنے سے پہلے یا تو پرویژنل سلیکشن لیٹر کا انتظار کریں یا پھر دفتر خادم الحجاج ضلع بیدر سے ربط پیدا کریں اور اپنا بنک ریفرینس نمبر اور چالان حاصل کرلیں۔